تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی: الیکشن کمشن
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ میڈیا پر حلقہ بندیوں سے متعلق چند غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اعلامیے میں الیکشن کمشن نے کہاکہ الیکشن ایکٹ 2017ء اور رولز کے تحت حلقہ بندیوں کے اصول واضح ہیں۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ صوبے کی آبادی کو مختص سیٹوں پر تقسیم کیا جاتا ہے تو ہر سیٹ کے کوٹے کا تعین ہو جاتا ہے۔ اعلامیے میں الیکشن کمشن نے کہا کہ اضلاع کی سیٹوں کے تعین کے لیے کوٹے کو ضلع کی آبادی پر تقسیم کیا جاتا ہے۔ الیکشن کمشن کے اعلامیے کے مطابق کسی ضلع کو مکمل سیٹیں دینے کے بعد بقایا آبادی 0.5 سے کم رہ جائے تو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر آبادی 0.50 سے زیادہ ہو تو اس ضلع کو ایک سیٹ دے دی جاتی ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے اپنے اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر کسی ضلع کی سیٹوں کا حصہ 4.49 بنتا ہے تو اسے 4 سیٹیں دی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں عام انتخابات 2024ء کے لیے الیکشن کمشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں، محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز کو مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمشن نے ہدایات میں کہا ہے کہ آئین و قانون کے تحت ڈپٹی کمشنرز غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں، حکومت چیف سیکرٹریز، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے۔