ثاقب نثار کے گھر پر دستی بم حملہ، 2 پولیس اہلکار زخمی
لاہور+ راولپنڈی (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر کے گیراج میں دھماکا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزم دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ سابق چیف جسٹس کے سیکرٹری میاں آصف نے کہا ثاقب نثار کچھ دیر پہلے اسی گاڑی میں گھر پہنچے تھے اور یہ گاڑی ریٹائرمنٹ کے بعد سابق چیف جسٹس کو سرکاری طورپر ملی۔ جب دھماکا ہوا تو ثاقب نثار کی گاڑی گیراج میں کھڑی تھی۔ ادھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ محفوظ ہیں۔ سابق چیف جسٹس نے کہا کہ ہم لوگ اندر بیٹھے تھے کہ زوردار دھماکہ ہوا۔ باہر آئے تو پولیس اہلکار زخمی پڑے تھے۔ دوسری جانب اسلام آباد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی کے قریب مبینہ فائرنگ کی گئی۔ احتساب عدالت کے جج اڈیالہ جیل سے عمران خان کے کیس کی سماعت سے واپس آ رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج کی گاڑی پر مبینہ فائرنگ تھانہ ائرپورٹ کی حدود میں ہوئی۔ ہارلے سٹریٹ کے رہائشی شایان علی نے پی اے ایف چوک میں مبینہ طور پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے ٹریفک جام ہو گئی اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات کے نیب کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق کسی جج کی گاڑی پر فائرنگ نہیں ہوئی۔ ملزم نشے کا عادی تھا۔ والدہ کو منانے میں ناکامی پر فائرنگ کی۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے میں کار سوار مسلح نوجوان نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی وقوعہ کے وقت ایک فاضل جج اپنے حفاظتی سکواڈ سمیت اس سڑک سے گزر رہے تھے فائرنگ اس قدر اچانک ہوئی کہ چکلالہ روڈ پر چلنے والی گاڑیوں اور پیدل چلنے والے شہریوں میں شدید خوف ہراس پھیل گیا۔ مسلح نوجوان ملزم کو پولیس نے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا جس کی شناخت شایان ذوالفقار کے نام سے کی گئی۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اپنی ٹیم کے ہمراہ ثاقب نثار کے گھر پہنچ گئے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، آر اوز اور دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ملک دشمن عناصر کی ملک میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوشش ہے۔ وقوعہ میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے امکانات رد نہیں کئے جا سکتے۔