انتخابات کے التواء کی کوئی بھی کوشش آئین کو سبوتاژ کرنے کے مترادف :لیاقت بلوچ
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی، مرکزی الیکشن سیل کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے انتخابی ورکرز کنونشنز سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آئین اور عوام کے جمہوری حقوق کی حفاظت کیلئے مضبوط دوٹوک فیصلے نے یکدم ملک میں انتخابات کو یقینی بنانے کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ انتخابات کے التواء کی کوئی بھی کوشش آئین اور جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔مسائل کاحل صرف جماعت اسلامی ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصار ی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ۔ سب کا اقتدار عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے امریکہ کی غلامی اور ذاتی مفادات کیلئے رہا ۔عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کرے اور قرآن و سنت کے بابرکت نظام کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کی قیادت کا ساتھ دے۔