سٹی ٹریفک پولیس لاہور صرف چالان ‘جرمانے کرنیوالی فورس بن کر رہ گئی
لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس لاہور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو ممکن بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کی بجائے صرف و صرف چالان اور جرمانے کرنیوالی فورس بن کررہ گئی ہے۔رواں سال 2023 کے دوران ٹریفک وارڈنز نے 48 لاکھ شہریوں کے چالان و جرمانے کئے ہیں۔لاہور ٹریفک پولیس کے سال 2023 کے اعداد و شمار کے مطابق 22 لاکھ 64 ہزار موٹرسائیکل سواروں ہیلمٹ نہ پہننے پرجبکہ5 لاکھ 20 ہزار 927 بغیر لائسنس گاڑی، موٹرسائیکل چلانے پر چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔لین لائن،سٹاپ لائن اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر2 لاکھ 23 ہزار وہیکلز اور غلط پارکنگ کرنے پر ایک لاکھ 20 ہزار وائیلٹرز پکڑے گئے۔85 ہزار ون وے کی خلاف ورزی،ٹریفک بہاؤ میں خلل ڈالنے پر 63 ہزار وہیکلز کیخلاف کارروائی کی گئی۔ ٹریفک وارڈنز کو زیادہ سے زیادہ چالان کرنے کا ٹارگٹ کیا دیا جاتا ہے جبکہ ٹریفک پولیس کو چالان و جرمانوں کی مد میں شہریوں سے اکھٹی ہونے والی رقم میں سے ویلفیئر کے نام پرحصہ بھی ملتا ہے۔جو ٹریفک پولیس حکام اور اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے زیادہ سے زیادہ چالان اور جرمانے کرنے کا متحرک بنتاہے۔