قومی کرکٹرز کے میلبورن میں ڈیرے، خرم شہزاد فٹنس مسائل کا شکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم کو دھچکا لگا ہے، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بائولر خرم شہزاد فٹنس مسائل سے دوچارہوگئے۔پرتھ ٹیسٹ کے دوران خرم شہزاد سائیڈ سٹرین کا شکار ہوئے جس کے بعد وہ فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے۔ترجمان پاکستان کرکٹ ٹیم کے مطابق فاسٹ بائولر کا ایم آر آئی سکین کرایا گیا ہے ، رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا۔آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے میلبور میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں ۔ کھلاڑیوںنے گزشتہ روز آرام کیا ۔ سکواڈ میں شامل کھلاڑی آج سے دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاری کیلئے ٹریننگ کا اآغاز کریں گے۔ اس وقت ٹریننگ سیشن کو فینز کیلئے بھی کھولا جائیگا۔مہمان ٹیم کل 22 اور 23 دسمبر کو وکٹوریا الیون کیخلاف دو روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی اور ایک روز آرام کے بعد 26 دسمبر کو میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں دوبارہ ٹریننگ کرے گی۔ ایم سی جی میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔