• news

الیکشن: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے، ن لیگ، پی پی، باپ پارٹی کا مطالبہ

لاہور+کراچی+کوئٹہ  (نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 2 روز کی توسیع کا مطالبہ کر دیا۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے کاغذات نامزدگی میں توسیع کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ تاریخ میں تبدیلی کئے بغیر شیڈول میں ترمیم کر سکتا ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے صرف 3 دن دیئے گئے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے 7 دن مختص کئے گئے ہیں۔اسحاق ڈار نے مراسلے میں لکھا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اس کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی جمع کرانا ہوتی ہیں، کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے این او سیز بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں، دستاویزات مکمل کرنے کے لئے وقت درکار ہوتا ہے، دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں۔مسلم لیگ ن نے مطالبہ کیا ہے کہ امیدواروں کی سہولت کے لئے الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کرے، الیکشن کمیشن 8 فروری کی پولنگ تاریخ تبدیل کئے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرے۔  دوسری طرف  بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور کاکڑ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا، جس میں مطالبہ کیا کہ پولنگ کی تاریخ تبدیل کئے بغیر کاغذات نامزدگی میں دو روز کی توسیع کی جائے۔ بلوچستان کے حلقے رقبے کے لحاظ سے باقی صوبوں سے مختلف ہیں۔کاغذات نامزدگی کے ساتھ اضافی دستاویزات کے حصول اور دور دراز علاقوں کے باعث تین دن کا وقت کم ہے۔ علاوہ ازیں رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ بڑھائے بغیر کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع ہونی چاہیے۔اپنے ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے بینک سٹیٹمنٹ سمیت تمام کوائف جمع کروانے کا مسئلہ ہے، الیکشن میں تاخیر کرنے کا نہیں کہہ رہے۔

ای پیپر-دی نیشن