• news

اسلام آباد ہائیکورٹ: افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ کی سکروٹنی تک انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال مکمل ہونے تک عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور ریمارکس دئیے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کیسے عدالت انتخابات ملتوی کر سکتی ہے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمشن نے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، اب عدالت کیسے عام انتخابات ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے۔ درخواست گزار آفتاب عالم کے وکیل ملک اختر عباس نے دلائل دئیے کہ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ افغان مہاجرین کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز بنوا کر ووٹر لسٹوں میں شمولیت حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کے باعث عام انتخابات پر سوالات اٹھیں گے، افغان مہاجرین کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔ درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی سکروٹنی ہونے تک عام انتخابات ملتوی کرانے کا حکم دے۔ عدالت نے افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی سکروٹنی مکمل ہونے تک انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن