ڈیرہ اسماعیل خان حملے کا ماسٹر مائنڈ سہولت کاروں سمیت 9 دہشتگرد گرفتار
اسلام آباد(آئی این پی)سکیورٹی اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتہ قبل سکیورٹی فورسز کے کمپائونڈ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور 7سہولت کاروں سمیت 9دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا،نجی ٹی وی کے مطابق دہشتگرد حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے ہے جبکہ حملے میں ملوث 6دہشتگرد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد حسن عرف شاکر کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے حملے سے قبل ویڈیو بھی جاری کی تھی جبکہ حملے میں ہلاک دوسرے خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے،خودکش حملہ آور صفت اللہ کے والد نے بیٹے کے امارت اسلامی سے تعلق کی بھی تصدیق کردی ہے، نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے 5دہشتگرد بھی اس حملے میں ملوث تھے، دہشتگردوں کے پاس سے امریکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔