• news

اقلیتوں کے بغیر پاکستان نامکمل، میرے لئے سب برابر ہیں: نوازشریف

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ اقلیتیں ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پارٹی کے اقلیتی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے لئے خدمات پر اقلیتی برادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتاہوں، میرے لیے سب برابر ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں روز بروز اقلیتی برادری کا اضافہ ہو ر ہا ہے۔ پاکستان ایک گلدستہ ہے اور اس کو مل کر سجائیں گے۔ اقلیتی برادری نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دیں میں اقلیت سے ایسے فوجیوں کو بھی جانتا ہوں جنہوں نے وطن کے لئے قربانیاں دیں۔ اقلیتیں پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ قائداعظم کے کئی ساتھی ہندو اور کرسچین برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ اقلیتی برادری نے پاکستان بنانے میں قائداعظم کا ساتھ دیا۔ ہم سب ایک ہی ملک کے باشندے ہیں ہمیں اقلیتوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ وہ بھی آگے بڑھیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن