2600کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 104 پراجیکٹ منظور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی نی پنجاب میں 2600کلومیٹر روڈز کی تعمیر ومرمت کے 104 پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔ محسن نقوی کی زیر صدار ت خصوصی اجلاس میں روڈز بحالی پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر وبحالی اور توسیع کے پراجیکٹ کی تکمیل عوام کی ناگزیر ضرورت ہیں۔ روڈز کی تعمیرومرمت اور بحالی سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہو گی بلکہ ٹریفک میں بھی روانی ہو گی۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل انور نے سڑکوں کی تعمیر وبحالی پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال سے 104سڑکوں کی تعمیرو مرمت اور بحالی کے پراجیکٹ زیر التوا تھے۔ ایک سال سے بھی کم عرصے میں روڈز کے 104 پراجیکٹس کی تکمیل ایک ریکارڈ ہو گی۔ صوبے کی 104 سڑکوں کی تعمیر وتوسیع اور بحالی پراجیکٹس پر تقریباً-150ارب روپے لاگت آئے گی۔ روڈز کے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے لئے ہر ضلع اور ڈویژن میں خصوصی کمیٹی مانیٹرنگ کررہی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اہم روڈز کی تعمیر کے 9پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں۔ مختلف اضلاع کی 33 شاہراہیں تیزی سے زیر تکمیل ہیں، جلد مکمل ہو جائیں گی۔