• news

’’لیول پلیئنگ‘‘ کیا‘ ہمیں تو فیلڈ ہی نہیں دی جا رہی: پرویز الٰہی

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ ان شاء اﷲ میں الیکشن میں تین قومی اسمبلی اور تین صوبائی اسمبلی کی سیٹوں سے حصہ لے رہا ہوں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو کیا ہمیں فیلڈ ہی نہیں دی جا رہی‘ اگر کسی نے فری اینڈ فیئر الیکشن نہ ہونے دیا تو ایسا بحران آئے گا کہ لوگ تاریخ بھول جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا بڑا احترام ہے لیکن نواز شریف کو جو پروٹوکول مل رہا ہے وہ تو پہلے ہی وزیراعظم بن کے بیٹھے ہیں‘ نواز شریف اور شہباز شریف نے لوگوں کے ساتھ جو کیا ہے وہ عوام الیکشن میں یاد رکھیں گے۔ ان دونوں لاڈلوں کی وجہ سے آج لوگ روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کا جو حال کیا ہے اس کی وجہ سے لوگوں کو کھانے کو نہیں مل رہا‘ ابھی کل گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھی ہیں‘ کیا یہ کوئی جنگل کا قانون ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن ہونے دیں‘ اچھی سوچ اور اچھے کام کی بنیاد رکھیں اسی میں پاکستانی قوم کا مستقبل ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے شیخ رشید احمد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شیخ صاحب سے پرانا رشتہ ہے بزرگوں سے چل رہا ہے کالج دور سے تعلق ہے،56 اور 57 شیخ صاحب کو دینا ہے اور اس کیلئے بانی پی ٹی آئی کو منانا ہے۔ مروت صاحب اور گوہر صاحب بھی عزیز ہیں، چھ ماہ سے جیل میں ہوں، بانی پی ٹی آئی نے خود پارٹی کا صدر بنایا۔ شیخ صاحب کی کامیابی کیلئے مکمل کوشش کریں گے، سابق وزیر داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ پرویز الہی پارٹی کے صدر ہیں، دونوں حلقوں میں حمایت اور سپورٹ پر پرویز الہی کا شکر گزار ہوں۔ پی ٹی آئی میرے مقابلے میں امیدوار نہیں لائے گی، چلہ کاٹ آیا، نسلی اور اصلی ہوں کبھی غداری نہیں کروں گا کبھی بانی پی ٹی آئی کے خلاف بیان نہیں دیا۔ اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں، قلم دوات پر لڑتا ہوں اور اب بھی لڑوں گا۔ فتح اور شکست اللہ کی طرف سے ہے۔ قلم اور دوات کے نشان سے این اے 56 اور 57 سے الیکشن لڑ رہا ہوں، سپریم کورٹ نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 فروری کو الیکشن کروانے کی تاریخ دی اب کوئی گنجائش نہیں رہی۔

ای پیپر-دی نیشن