ینگ ڈاکٹرز ہڑتال کی نئی کال‘ ہائیکورٹ کا اظہار ناراضی‘ سیکرٹری صحت 28 دسمبر کو طلب
لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ینگ ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال کی نئی کال دینے پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اورسیکرٹری پی ایم ڈی سی کو بھی28 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک سرود احمد عدالت میں پیش ہوئے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کی رپورٹ جمع کرواتے ہوئے مئوقف اپنایا کہ بے نظیر بھٹو ہسپتال روالپنڈی میں ہڑتالی ڈاکٹر کو نوٹس دے کر معطل کیا۔ وائی ڈی اے نے اس کارروائی پر 48 گھٹنے میں ڈاکٹر کو بحال نہ کرنے پر دوبارہ ہڑتال کی کال دی۔ عدالت نے کہا ان ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی؟ وکیل پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ پہلے والی ہڑتال ختم ہوگئی ہے اب انہوں نے دوبارہ ہڑتال کی کال دے دی۔