• news

غیر قانونی بھرتیاں کیس ‘پرویز الٰہی کے  جوڈیشل ریمانڈ میں 4 جنوری تک توسیع 

اسلام آباد‘لاہور(خبرنگار‘نمائندہ نوائے وقت) جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری عمران عابد نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میںپرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چار جنوری تک توسیع کردی،پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش نہ کیا گیا،جیل حکام نے پرویز الٰہی کا وارنٹ عدالت میںپیش کیا،اینٹی کرپشن نے پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی وغیرہ کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ، احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں سماعت ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چودھری پرویز الہی کوسخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے عدالت لایاگیا، جہاں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور سینئر قانون دان بابر اعوان نے بھی ان سے کمرہ عدالت میں ملاقات کی،دوران سماعت پرویز الہی کے وکلا سردار عبدالرازق اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے،چودھری پرویز الہی روسٹرم پر آگئے، عدالت کے جج نے استفسار کیاکہ چودھری صاحب کیسے ہیں، تاخیر سے آنے پر معذرت،چودھری پرویز الہی بے عدالت کے جج سے کہاکہ خان صاحب آپ کی بہت تعریف کرتے ہیں، اس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہاکہ میری کوشش ہے میرٹ پر کام کروں، کسی کی حق تلفی نہیں کرتا، پرویز الہی نے کہاکہ گرگیاتھا، دوٹسٹ کرانے ایک ٹسٹ الشفا ٹرسٹ میں ہی ہوتا ہے،استدعا ہے دونوں ٹسٹوں کیلئے اجازت دی جائے، جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ درخواست دے دیں دیکھ لوں گا، بے شک اڈیالہ میں ہی دے دیں،کل جیل آں گا وہیں درخواست دے دیں، پرویز الہی نے کہاکہ لمبی تاریخ دے دیں،عدالت کے جج نے کہاکہ کتنی لمبی تاریخ دوں چلہ تو نہیں کاٹنا،عدالت نے سماعت15 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔اس موقع پر عدالت نے پرویز الہی کو وکلا اور دیگرسے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ساتھ دوسرے کمرے میں بیٹھ جائیں اور ملاقات کرلیں۔

ای پیپر-دی نیشن