• news

 ایگزم بینک کے آغاز سے نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی،شمشاد اختر 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر خزانہ ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایگزم بینک کے آغاز سے برآمدات میں اضافہ اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی،بینک کے قیام سے پاکستانی برآمد کنندگان کو کریڈ ٹ انشورنس اور گارنٹی کی خدمات بھی میسر آئیں گی، ادائیگیوں میں توازن ، اقتصادی نمو اور معیشت میں پائیداریت کا انحصار معیشت کے ڈھانچے پرہے جس میں برآمدات کا اہم کردار ہے، ہمیں امید ہے کہ ایگزم کے آغاز سے مالیاتی ماحول میں بہتری ، ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال اور ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبوں میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ پاکستان میں ایگزم بینک کے آغاز کیموقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتیہوئے وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہاکہ یہ ملکی معیشت ، تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے، مناسب قیادت اور سٹریٹجک ہدایت سے یہ مرحلہ طے ہوا، ملکی معیشت کی ترقی ، پائیدار اقتصادی نمو ، درآمدات و برآمدات میں اضافہ اور براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکومت اس طرح کے اقدامات کو سراہتی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ایگزم بینک پاکستان میں برآمدی صنعت کے فروغ کے لئے ایک نئی شروعات ہے ، یہ ملک کی معیشت اور بینکاری کے لئے بھی اہمیت کا حامل ہے جس سے پاکستان کے تجارتی و مالیاتی ڈھانچے کو جدید دور کے تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں مدد ملے گی تقریب میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال ، سیکرٹری تجارت ، سٹیٹ بینک کے افسران کے علاوہ سینئر حکومتی افسران نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن