• news

کیپٹل ہل حملہ: ٹرمپ نااہل

 امریکا کی سیاسی تاریخ میں نئی تاریخ رقم ہو گئی اور ریاست کولوراڈو کی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث ہونے کی وجہ سے ٹرمپ امیدوار بننے کے اہل نہیں، عدالتی فیصلے کا اطلاق صرف کولوراڈو پر ہوگا۔ کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن کی پرائمری کے لیے نااہل قرار دیا۔ ریاست کولوراڈو میں ریاستی پرائمری انتخابات 5 مارچ 2024ء کو ہونا ہیں۔ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی عدالت نے صدارتی امیدوار کو 1868ء کی شق کے تحت نااہل قرار دیا ہو۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان نے فیصلے کو ’غیر جمہوری‘ قرار دیتے ہوئے فیصلے کے خلاف امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ عدالت نے بغاوت میں ملوث افراد کو عہدہ سنبھالنے سے روکنے کی شق کے تحت 2024ء کے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا۔ یہ فیصلہ مثالی ہے اور ریاست کے خلاف بغاوت کرنے والے عناصر کے ساتھ ایسے ہی نمٹا جانا چاہیے۔ پاکستان میں بھی 9 مئی کو پی ٹی آئی کے وابستگان نے ریاست کے خلاف ایسی ہی بغاوت کی تھی اور ان کے اس عمل پر بھارت میں سب سے زیادہ خوشیاں منائی گئی تھیں جس سے یہ بات پوری طرح واضح ہوتی ہے کہ 9 مئی کا واقعہ غیر معمولی ہرگز نہیں ہے۔ اس واقعے میں ملوث افراد کا احتساب فوجی عدالتوں کے ذریعے ہو یا سول عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں، ایک بار یہ طے ضرور ہونا چاہیے کہ اپنے مذموم مقاصد کے لیے ریاست اور اس کے اداروں کو نشانہ بنانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جاسکتی۔ کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے بھی ایک ایسا ہی فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ دنیا بھر میں ایسے مقدمات پر بات کرتے ہوئے ایک مثال کے طور پر بھی سامنے رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن