• news

69 دہشت گردی، بھتہ خوی کے 12 واقعات میں افغان باشندے ملوث رہے: سی ٹی ٹی پشاور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی اور بھتہ خوری میں ملوث افغان باشندوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق رواں سال دہشت گردی کے پچاس واقعات میں افغان باشندے ملوث نکلے اور گزشتہ سال دہشت گردی کے 19 واقعات میں افغان باشندے ملوث تھے جبکہ مجموعی طور پر دو سال میں دہشت گردی کے 69 واقعات میں افغان باشندے ملوث رہے۔ سی ٹی ڈی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال 66 افغان دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا اور گزشتہ سال دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افغانستان کے 26 باشندوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو سال میں مجموعی طور پر 92 افغان دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق رواں سال چھ افغان دہشت گرد اور گزشتہ سال چار افغان دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال بھتہ خوری کے آٹھ واقعات گزشتہ سال چار واقات میں افغان شہری ملوث تھے جبکہ دو سال میں مجموعی طور پر بھتہ خوری کے بارہ واقعات میں افغان باشندے ملوث پائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال چودہ افغان بھتہ خور اور گزشتہ سال چھ افغان بھتہ خور پکڑے تھے جبکہ دو سال میں مجموعی طور پر بیس افغان بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن