دوران عدت نکاح کیس میں بشریٰ بی بی کا حاضری سے استثنیٰ منظور
اسلام آباد(وقائع نگار)سینئر سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں بشری بی بی کی حاضری سے استثنی منظور کرتے ہوئے عدالت نے کیس کا جیل ٹرائل کرنے کیلئے رجسٹرار اسلام آبادہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل رضوان عباسی کے معاون اورپی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے، معاون وکیل نے عدالت کو بتایاکہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ کچھ دیر میں عدالت پہنچ جائیں گے، خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ نے کہاکہ بشریٰ بی بی نے آج عدالت پیش ہونا ہے، کیا آرڈر ہے اڈیالہ یا کچہری پیش ہوں، جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ ملزمہ آج عدالت میں پیش ہوں،عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد درخواست گزار وکیل رضوان عباسی ایڈوکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوگئے اور کہاکہ آپ نے ہائیکورٹ کو جیل ٹرائل کے لیے لیٹر لکھنا ہے،رجسٹرار ہائیکورٹ کو آگاہ کرنا ہوگا، ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کرنی ہیں،چالان کی نقول تقسیم کرنے کے سات دن بعد چارج فریم ہوگا، قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے آپ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کرنا ہوگا، عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد سماعت شروع ہونے پر بشری بی بی کے وکیل عثمان گل عدالت پیش ہوئے اور کہاکہ عدالت نے جیل ٹرائل کا آرڈر کیا تھا،ہم نے بشریٰ بی بی کو جیل بھیج دیا،ضمانتی مچلکے تیار کرلیے گئے ہیں، عدالت کے جج نے کہاکہ ملزمہ کو عدالت بلانا ہوگا، جب پتا لگ چکا کہ جیل میں ٹرائل نہیں ہے تو ان کو آجانا چاہیے ،جس پر وکیل نے کہاکہ ہمارے پاس انفارمیشن ہے کہ بشریٰ بی بی کا عدالت آنے میں خطرہ ہے،عدالت کے جج نے کہاکہ آج رش نہیں ہے عدالت بھی خالی ہے آپ پیش کریں، فائنل ہے انہوں نے آنا ہوگا، میری طبیعت بھی ٹھیک نہیں یے،جیل اتھارٹیز کو آگاہ کردیا گیا تھا تو وہ وہاں کیوں گئی ہیں،عدالت نے بشریٰ بی بی کوذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد سماعت شروع ہونے پر بھی بشری بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں، عثمان گل ایڈووکیٹ نے بشری بی بی کی حاضری سے استثنی درخواست دائر کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آرڈر کیے تھے کہ جیل ٹرائل ہوگا، بشریٰ بی بی صبح جیل پہنچ گئی تھیں عدالت نے بعد میں بتایا،جیل جیمرز کی وجہ سے بشریٰ بی بی کے ساتھ رابطہ نہیں ہو پا رہا یے،عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور سماعت2 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔ادھر عدالت نے دوران عدت نکاح کیس کا ٹرائل جیل میں کرنے کیلئے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کوخط بھی لکھ دیا ہے۔