• news

سیالکوٹ میں امیدوار پی ٹی آئی کے گھر چھاپہ‘ حامد ناصر چٹھہ‘ بیٹے کیخلاف بھی مقدمہ درج

سیالکوٹ+ وزیر آباد+ پیر محل+ گوجرہ (نامہ نگاران)  ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف پی پی 44 سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ سعید احمد بھلی ایڈووکیٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر کے دروازے توڑ کر تمام سامان توڑ پھوڑ دیا ہے۔ دوسری جانب ریٹرننگ آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے آئے امیدوار حیدر علی گل سمیت پندرہ ملزموں نے ڈپٹی کمشنر آفس، سرکاری گاڑی توڑ دینے اور ہنگامہ آرائی و سرکاری سامان فرنیچر توڑنے سمیت نعرے بازی کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ وزیر آباد میں  قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے معاملہ پر پولیس اور وکلاء کے درمیان تو تکار ہوئی۔  ریٹرننگ افسروں کے دفاتر کا مین گیٹ پولیس نے بند کر دیا۔ پی ٹی آئی وکلاء کی بڑی تعداد نے گیٹ زبردستی کھول کر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ادھر پولیس نے    حامد ناصر چٹھہ اور سابق ضلع ناظم گوجرانوالہ فیاض چٹھہ و ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے الزام لگایا کہ حامد ناصر چٹھہ، محمد فیاض چٹھہ اور ان کے ساتھیوں ظفراللہ، تقی عباس اور احمد جہانگیر نے 9 مئی واقعہ میں ملوث تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق مخبر کی اطلاع پر احمد چٹھہ کو پکڑنے کے لیے ریڈ کیا گیا تو ملزموں نے احمد چٹھہ کو فرار ہونے میں مدد کی۔ پی ٹی آئی ورکر کنونشن وائیانوالی  میں پولیس نے جلسہ گاہ کی طرف جانے والے سارے راستے بند کر دیئے۔ ورکر کنونشن سے بارہ گھنٹے قبل گاؤں سے بارہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔ پولیس نے کنٹینر رکھ کر سارے راستے بند کر دیئے۔ پیرمحل میں  تحریک انصاف کی سابق رکن صو بائی اسمبلی سونیا علی رضا شاہ کی گرفتاری کے لئے اینٹی کرپشن کی ٹیم نے چھاپہ مارا، گوجرہ سے پی پی 119چوہدری بلال اصغر وڑائچ سمیت دیگر رہنمائوں کی گرفتاریوں کے لئے پولیس کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن