حج درخواستیں کوٹہ سے زائد موصول‘ سپانسر شپ سکیم کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) ریگولر حج سکیم میں درخواست جمع کروانے کا گزشتہ روز آخری دن تھا تاہم سپانسرشپ حج سکیم کے لیے تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق ریگولر سکیم میں حج درخواستیں کوٹا سے زائد موصول ہوگئی ہیں، 28 دسمبر کو خوش نصیب عازمین حج کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ ریگولر حج سکیم میں 66 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے اصرار پر سپانسرشپ سکیم میں مزید 9 دن کی توسیع کردی گئی ہے تاہم سپانسرشپ سکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی کی جارہی ہے۔ ترجمان کے مطابق بیرون ملک سے عازمین حج 31 دسمبر تک ڈالر میں رقوم بھجوا سکیں گے۔ سعودی ایوی ایشن نے فضائی کمپنیوں کو حج پروازوں کا شیڈول جمع کرانے کیلئے 2 جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی۔