مالی، انتظامی، سکیورٹی، ایسی کوئی صورتحال نہیں جو انتخابات میں تاخیر کا باعث بنے: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مالی، انتظامی اور سیکورٹی کے حوالے سے ایسی کوئی صورتحال نہیں جو انتخابات میں تاخیر کا باعث بنے، انتخابات اپنے مقررہ وقت 8 فروری 2024کو ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر پر ہمیں بھرپور اعتماد ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ جمعہ کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیمرا ایکٹ میں صحافیوں کو تحفظ حاصل ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے نکالنا افسوسناک ہے، اس حوالے سے چیئرمین پیمرا سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور متعلقہ ادارے اس کا نوٹس لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آئے ہوئے مظاہرین کے مطالبات آج کے نہیں، کئی دہائیوں پہلے کے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ ان مسائل کو حل کریں۔ وہ واپس نہیں جانا چاہتے تھے۔ کمیٹی وزیراعظم کو آج اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں دو دن کا اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جماعتوں کے اندرونی مسائل پر تبصرہ نہیں کر سکتے، ہم تمام جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تاکہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں۔