آصف زرداری سے فیصل واڈا کی ملاقات‘ پی پی پی میں شمولیت کا امکان
کراچی (سٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واؤڈا کی پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس کے بعد امکان ہے کہ فیصل واؤڈا پی پی پی جوائن کر لیں گے تاہم دونوں فریقین کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ کراچی بلاول ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کے علاوہ ملک کی موجودہ صورت حال سمیت عام انتخابات پرسیر حاصل گفتگو ہوئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان کی جانب سے آصف زرداری اور فیصل واڈا کی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں سابق صدر خوشگوار موڈ میں سابق وفاقی وزیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ واضح رہے کہ سیاسی منظر نامے میں اہم مقام رکھنے والے تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کے بعد فیصل واڈا کی پہلی بار کسی سیاسی جماعت کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے۔