• news

آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا‘ سیاسی جماعتیں غلطیوں سے سیکھیں: ساجد میر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز، سیاسی جماعتیں، مقتدر حلقے ماضی کی غلطیوں سے سبق  سیکھیں۔ انتخابات میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسمنٹ کے سلسلے میں آج  بروز ہفتہ میاں نواز شریف  سے ہماری جماعت کا وفد ملاقات کرے گا جس میں سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور چوہدری کاشف نواز  رندھاوا بھی شامل ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے شیخ ابوالحسن شازلی    آڈیٹوریم قذافی سٹیڈیم میں تین روزہ عربی کورس  کی اختتامی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیاسی اختلافات کو بھلا کر قومی مفادات کو مدنظر رکھا جانا چاہئے۔  نگران حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے بجلی، گیس، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اس وقت حصولِ علم کے ساتھ ساتھ بہتر اخلاقی تربیت  کی بھی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن