لاہور ہائی کورٹ کا عمارتوں میں پارکنگ نہ رکھنے پر کارروائی کا حکم‘ ایل ڈی اے سے رپورٹ طلب
لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے سرکاری اور نجی عمارتوں میں پارکنگ ایریا نہ رکھنے والے پلازوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ایل ڈی اے سے ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی پلازوں کیخلاف کارروائی کی دو ہفتے تک رپورٹ طلب کرلی۔ ایل ڈی اے کے قانونی مشیر صاحبزادہ مظفر نے رپورٹ میں موقف اپنایا کہ پارکنگ میں تجاوزات والے 70 بلڈنگز مسمار کر دی گئیں، پارکنگ نہ رکھنے والے 85 پلازے سیل کر دیئے گئے ہیں، پارکنگ نہ رکھنے والے 450 پلازوں کو نوٹس جاری کر دئیے، جوہر ٹائون، شادمان، نیو گارڈن ٹائون سمیت گیارہ علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔