عوامی خدمت پر یقین‘ سیاسی جماعتوں کا مقابلہ سیاسی طریقے سے کریں گے: فردوس عاشق
سیالکوٹ (نمائندہ نوائے وقت) ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان جو کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 70 سے اپنے کاغذات جمع کروانے آر او آفس پہنچی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ فیصد اشرافیہ نے 95 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ہم شخصیت پرستی کے پیچھے جدوجہد نہیں کر رہے۔ عوام نے کئی نسلوں سے جنہیں ووٹ دیئے‘ انہوں نے صرف دعوے ہی کئے۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا آج کچہری میں بڑے بڑے نوسرباز کاغذات نامزدگی جمع کروانے آئے ہیں۔ ہم عوامی لوگ ہیں خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ الیکشن پاکستان کی مثبت سوچ اور انتشار کی سوچ رکھنے والوں کے درمیان ہو رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کا مقابلہ سیاسی طریقے سے کریں گے۔ اور جن کا مقصد ملک کو کمزور کرنا ہے ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔