بجلی کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسہ کا اضافہ ،عام آدمی پر ظلم : ضیا الدین انصاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسہ کا اضافہ عام آدمی پر سراسر ظلم ہے۔ حکومت کے بجلی کی قیمت میں اضافہ کے 2 دن بعد ہی 4 روپے 78 پیسہ مزید اضافہ کی تیاریاں شروع کردی ہیں جو عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ ابھی عوام کو پٹرول کی قیمت کے ثمرات منتقل ہونا شروع نہیں ہوئے ایسے میں نگران حکومت نے بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان ہے انتخابات میں صرف ترازو کی کامیابی ہی خوشحالی کی ضمانت ہے۔