دی یونیورسٹی آف لاہور ، ٹریفک پولیس کے اشتراک سے ڈرائیونگ سکول قائم ،افتتاح
لاہور(کامرس رپورٹر) دی یونیورسٹی آف لاہور اور ٹریفک پولیس کے اشتراک سے ڈرائیونگ سکول قائم کر نے کی تقریب گزشتہ روز یونیورسٹی میں ہوئی جس میں ایس ایس پی ہیڈکوارٹرزسیدغضنفرعلی شاہ اور ریکٹردی یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے ڈرائیونگ سکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار علی اسلم بھی تقریب میں موجود تھے۔ یونیورسٹی آف لاہور پہنچنے پر ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے ایس ایس پی ہیڈکوارٹرزپنجاب سید غضنفرعلی شاہ کا استقبال کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر پنجاب سید غضنفرعلی شاہ اور پروفیسر ڈاکٹرمحمد اشرف نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء وطالبات ڈرائیونگ سیکھ کرسڑکوں پربہترین ڈرائیونگ کر سکیں گے۔ 30 ہزار سے زائد سٹوڈنٹس یونیورسٹی میں قائم ڈرائیونگ سکول سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ یونیورسٹی سٹاف اور سٹوڈنٹس کیلئے لرنگ موبائل وین کا بھی انتظام کیاگیا ہے۔ سٹوڈنٹس کی دلچسپی ڈرائیونگ سیکھنے حوالے سے قابل تحسین ہے۔ تربیت یافتہ ڈرائیورز سے روڈ حادثات میںکمی واقع ہوتی ہے۔ صوبہ بھر میں گزشتہ سال 34 ڈرائیونگ سکولز تھے جبکہ رواں سال ڈرائیونگ سکولز کی تعداد 115 ہو چکی ہے۔ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اشرف نے کہا کہ تربیت یافتہ ڈرائیورز کے سٹرکوں پر آنے سے حادثات میں واضح کمی ہوگی۔