مستحقین کو موسم کے منفی اثرات سے بچانا ہوگا:قیصرامین بٹ
لاہور(نیوز رپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے چیئرمین الحاج قیصر امین بٹ اور بانی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ مستحقین کو موسم کے منفی اثرات سے بچانا ہوگا۔ انسانیت اور معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کرنیوالے اللہ تعالیٰ کے مقرب اور منتخب لوگ ہیں جو لوگ سہل زندگی کے خواہاں ہیں وہ صلہ رحمی کے تحت محروم طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیساتھ ساتھ ان کیلئے طعام کا اہتمام کریں۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ جہاں دکھی انسانیت کیلئے انتھک خدمات انجام دے رہا ہے وہاں ملک میں آنیوالی زمینی و آسمانی آفات کے متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کیلئے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑتا۔ وہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے زیراہتمام گزشتہ روز ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ میں مسیحی سٹاف ممبرز اور مستحقین میں گرم ملبوسات کی تقسیم کے سلسلہ میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ الحاج قیصر امین بٹ، ڈاکٹر شوکت بابر ورک، محمد سہیل اور باقر حسین نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے مسیحی خواتین سٹاف ممبرز اور مقامی مستحق خواتین و حضرات میں گرم ملبوسات تقسیم کئے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔