تجاوزات کیخلاف آپریشن، کسی سے نرمی ہو گی نہ زیادتی: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے5گھنٹوں میں پے در پے 5ہسپتالوں کے دورے کئے۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، میوہسپتال، لیڈی ولنگڈن ہسپتال اور پنجاب ڈینٹل ہسپتال کے دورے کئے، تعمیرنو اور اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔31 جنوری تک سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے 3 شفٹوں میں کام کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراء روزانہ رات وزٹ کر کے پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلی نے پلستر کے دوران ٹائلز لگانے پر ناراضی کا اظہار کیا اورکہا کہ ٹائلز کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور سروسز ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میو ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی کا ایمرجنسی بلاک کو 7 جنوری تک کھولنے کا حکم دیا‘ محسن نقوی لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کے پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا۔ پرانی عمارت کو بھی جلد مسمار کرنے کا حکم دیا۔ ڈینٹل ہسپتال اپ گریڈیشن 15جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال کی بلڈنگ کا لینٹر خستہ حال تھا،کسی بھی وقت کوئی حادثہ پیش آ سکتا تھا۔سروسز ہسپتال کی نہ صرف ری ویمپنگ کر رہے ہیں بلکہ اس کی حالت بھی ٹھیک کر رہے ہیں۔ ڈینٹل ہسپتال جوبلی ٹاؤن کا15جنوری کو افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ کوشش ہے مریض علاج کیلئے سرکاری ہسپتال آئیں تو بالکل مطمئن ہوکر علاج کرائیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ جو بھی وقت ملا ہے اسے عوام کے زیادہ سے زیادہ ریلیف کیلئے صرف کریں۔ میری ٹیم نے 9سے 5بجے تک نہیں بلکہ رات کے ڈھائی بجے تک بھی کام کیا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری کریک ڈاؤن میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی کسی سے کوئی زیادتی کی جائے گی۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ گاڑی چلانی ہے لیکن لائسنس نہیں رکھنا اور سرکاری زمین پر قبضہ کرنا ہے۔ چند دنوں میں لاہور آپ کو تجاوزات سے صاف نظر آئے گا۔ ترقیاتی جاری پراجیکٹس میں بچت بھی کر رہے ہیں۔ چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ میں خطیر رقم بچائی ہے۔