انتخابات کی تایخ پر کوئی شک و شبہ نہیں، آئین میںلکھا ملک منتخب نمائندے چلائیںگے: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پروپیگنڈے اور بیانیہ کے دور میں انفارمیشن گروپ کے افسران کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی میں 38 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) اور 40 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگراموں کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پروپیگنڈے کے مقابلے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کے لئے انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے، سول سروس کے بہت سے دیگر گروپس کے برعکس انفارمیشن گروپ کے افسران اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل مطالعہ اور سخت محنت کرتے ہیں۔ انفارمیشن گروپ کے افسران کو نہ صرف میڈیا، میڈیا قوانین بلکہ سیاست، تاریخ، جغرافیہ، آرٹ، ثقافت، موسیقی اور ملک کی زبانوں کے بارے میں بھی سیکھنا چاہئے۔ افسران تیزی سے بدلتے ہوئے میڈیا منظر نامے کو اپنانے پر توجہ مرکوز کریں۔ جب انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا متعارف ہوئے تو یہ خیال کیا جاتا تھا کہ معلومات کا ایک نیا دور شروع ہو رہا جس سے مین سٹریم میڈیا پر انحصار ختم ہو جائے گا لیکن بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر ایک نئی ’’سیاسی معیشت‘‘ ایجاد ہو چکی ہے اور متمول افراد جعلی خبریں پھیلانے اور بوگس ٹرینڈ بنانے کے لئے چند درجن لوگوں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے انفارمیشن گروپ کی ری سٹرکچرنگ ناگزیر ہے۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طارق محمود نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں دونوں کورسز کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے دونوں کورسز کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید مبشر توقیر شاہ اور ایم ڈی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان محمد عاصم کھچی سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل آئین اور جمہوریت سے وابستہ ہے، آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، انتخابات کی تاریخ دینا، اس میں تبدیلی یا توسیع کا اختیار صرف الیکشن کمشن آف پاکستان کے پاس ہے، الیکشن کمشن واضح کر چکا ہے کہ انتخابات 8 فروری 2024ء کو ہوں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئینی عمل کی پیداوار ہے، ملک کا مستقبل آئین اور جمہوریت سے وابستہ ہے۔ نگران حکومت کی مدت میں توسیع کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، الیکشن کمشن نے بہت واضح طریقے سے بتایا ہے اس لئے انتخابات کی تاریخ پر کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔