پرویز الٰہی کے سینے میں انفیکشن‘ طبی معائنے کے بعد دوبارہ جیل منتقل
راولپنڈی+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے سینے میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کو دل میں تکلیف کی شکایت پر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا تھا۔ ہسپتال میں پرویز الہٰی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا، ان کے سینے میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کو کچھ ٹیسٹ کروانے کے لیے دوبارہ ہسپتال آنا پڑے گا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کی گزشتہ رات سے طبیعت ناساز تھی اور ان کا جیل ہسپتال میں بھی طبی معائنہ کیا گیا تھا۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی معائنے کے بعد پرویز الہٰی سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے۔