افتخار علی سہو کا دورہ لاہور سفاری پارک ، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ
لاہور(کامرس رپورٹر ) چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ افتخار علی سہو نے لاہور سفاری پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔ سیکرٹری جنگلات مدثر وحید ملک اور ڈی جی وائلڈ لائف مبین الٰہی نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کا استقبال کیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف مبین الٰہی نے سفاری زو پراجیکٹ بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سفاری پارک کو جلد سٹیٹ آف دی آرٹ بنائیں گے اور یہاں شہریوں کیلئے بہترین سہولیات میسر ہونگی۔ اس جدید ترین سفاری پارک میں ہاتھی، زرافہ ، شیر ،ہرن، زیبرا اور دیگر جانور لوگوں کی تفریح کیلئے موجود ہونگے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نے سیکرٹری جنگلات اور ڈی جی وائلڈ لائف کے ہمراہ سفاری پارک کے مختلف بلاکس کا دورہ کیا اور جاری کام کے معیار کو چیک کیا۔ انھوں نے جنرل ریسیپشن ایریا کا دورہ کرتے ہوئے وہاں بنائی جانیوالی دیوار کی تعمیر رکوا دی اور ڈی جی وائلڈ لائف کو ہدایت کی کہ پارک کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے یہاں سول ورک کم سے کم کیا جائے۔ انھوں نے جنرل ریسپشن ایریا کی دیوار کی اونچائی کم کرنے کی ہدایت کی۔ افتخار علی سہو نے کہا کہ سفاری پارک کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے یہاں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ جدید سفاری زو کے قیام سے شہریوں کو بہترین تفریحی سہولت میسر آئینگی اس لئے سفاری پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیز کریں تاکہ اس منصوبہ کو جلد سے جلد مکمل کر کے شہریوں کیلئے کھولا جائے۔ سفاری جھیل کو ری ڈیزائن کر کے فنگشنل کرنے کا تخمینہ لگاکر پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ جھیل میں فشنگ ایریا، بوٹنگ اور دیگر سہولیات کی فراہمی اور جنرل ایریا میں کیمپنگ ایریا ، بچوں کیلئے پلے ایریا ، فوڈ پوائنٹس اور دیگر تفریحی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔