• news

انتخابات کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک‘طارق بگٹی نئے صدر نامزد 

 لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں صدارت کے عہدے کیلئے ایک بارپھرکھینچاتانی شروع ہوگئی ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے پانچ رکنی ایڈہاک کمیٹی بنانیکا فیصلہ کرلیا۔ ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن نگران وزیر اعظم نے آئی پی سی کے تین امیدواروں میں سے ایک طارق حسین مسوری بگٹی کو نیا صدر پی ایچ ایف نامزد کیاتھا، جس کی توثیق پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی نوٹیفکیشن کے ذریعے کردی ہے۔ نامزد صدر پی ایچ ایف اہڈیاک کلب سکروٹنی کیساتھ ہاکی فیڈریشن کے نئے انتخابات کرائیں گے، جس کیلئے پانچ رکنی کمیٹی جلد تشکیل دی جائیگی۔ پی ایچ ایف کے موجودہ صدر خالد سجاد کھوکھر نے اس اقدام کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے صدر کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا۔خالد سجاد کھوکھر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک بنیادوں پر صدر لگا کر دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، اس کا اقدام غیرقانونی اور غیر آئینی ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اگر نوٹیفکیشن واپس نہ لیا گیا تو ایف آئی ایچ، آئی او سی کو خطوط لکھے جائیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں الیکشن کمیشن کا حوالہ دینا اور این او سی سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت سپورٹس فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ نگران حکومت کی مداخلت فیڈریشن پر پابندی کا باعث بن سکتی ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن