• news

پی ٹی آئی امیدواروں سے کاغذات چھیننے پر کارروئی کی جائے، الیکشن کمشنر پنجاب کا آئی جی، چیف سیکرٹری کو خط

لاہور( نوائے وقت رپورٹ)  صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی چھیننے کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔صوبائی الیکشن کمشنر نے فوری کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو خط لکھ دیا۔صوبائی الیکشن کمشنر نے آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری طور پر مداخلت کی ہدایت کی اورخط میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق آر او دفاتر سے پی ٹی آئی امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، الیکشن کمیشن نے واقعات کے تدارک کیلئے متعلقہ حکام کو خطوط لکھے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔خط کے متن کے مطابق ریٹرننگ افسران بھی موجودہ صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظرآرہے ہیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ان واقعات سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن