’’دعوت ملی‘ قبول کر لی‘‘ اے این پی پشاور کے صدر پی پی میں شامل
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) اے این پی پشاور سٹی کے صدر عابد اللہ نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ عابداللہ نے کہا کہ پی پی پی نے دعوت دی اس کو قبول کرتا ہوں۔ پی پی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ظاہر علی شاہ نے کہا کہ عابداللہ کو پی پی پی میں خوش آمدید کہتے ہیں، عابد اللہ کو وہی عزت دیں گے جس کے حقدار ہیں۔ پی پی پی ڈویژنل صدر مصباح الدین نے کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت جاری ہے۔ ظاہر شاہ نے کہا کہ ارباب عالمگیر خاندان پی پی پی کا حصہ تھا اور رہے گا۔ ایڈجسٹمنٹ ہوتی ہے تو ٹھیک ورنہ سب الیکشن لڑیں گے۔مانسہرہ سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے اور وزیر اعلیٰ کے پی کے مشیر زرگل خان یوسفزئی نے اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سنٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر کے پی کے رہنما آصف اللہ خان اور نذیر ڈھوکی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ زر گل خان یوسفزئی کے پی اسمبلی میں بلا مقابلہ کامیاب ہوئے تھے۔ وہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے رکن اور ریجنل پریذنٹ بھی رہے۔ زرگل خان یوسفزئی نے صدر آصف علی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کے پی کے عوام کو شناخت دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔ سینیٹر تاج حیدر نے زرگل خان یوسفزئی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زرگل خان اپنے حلقے کے عوام کی بڑھ چڑھ کر خدمت کریں گے۔