قائداعظم کا 147واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، عام تعطیل ہوگی
اسلام آباد+ لاہور (خبرنگار خصوصی+این این آئی) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کا 147واں یوم پیدائش آج 25دسمبر (سوموار) کو انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوگا جس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی۔ یوم قائد اعظم کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینار، کانفرنسز اور مذاکروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف مقامات پر کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز بانی پاکستان کی شخصیت کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کریں گے۔ اس مووقع پر نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔ آئیے آج کے دن قومی اتحاد اور ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔ قائد اعظم کے 147 ویں یوم ولادت پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے پیغام میں کہا کہ آج ہم قائداعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش پورے جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔پوری قوم بانی پاکستان کو انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد کرتی ہے۔ ہم بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں اس عظیم قائد سے نوازا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت کی اور بالآخر ہمارے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے 11 اگست 1947 کی اپنی تقریر میں یہ واضح کر دیا تھا کہ پاکستان میں ہر ایک شخص کو اپنے عقیدے اور مذہب کے حوالے سے مکمل آزادی حاصل ہو گی۔ آج کے دن بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے قائد کے دیئے ہوئے پیغام کو دہرانے کی ضرورت ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں انتہا پسندی کی قوتوں کو شکست دینے ، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے قومی اتحاد اور ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔