حرام کھانے والے پر لعنت، سیاست میں آنے نہیں، واپس جانے کا ارادہ ہے: محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز 4گھنٹے تک نئے راوی پل، شاہدرہ چوک پراجیکٹس، تھانہ اسلام پورہ اور لبرٹی پولیس خدمت مرکز کے تفصیلی دورے کیے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے نئے راوی پل منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پائلنگ کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پائلنگ ورک کو 15 جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور منصوبے کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی پر نئی مشین لگنے سے پائلنگ کے کاموں میں تیزی آئی ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شاہدرہ چوک کے دورے کے دوران شاہدرہ چوک پر کام کی رفتار میں سست روی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کئی روز قبل فلائی اوور پراجیکٹ مکمل ہونے کے باوجود شاہدرہ چوک پر کام مکمل نہ ہونا باعث تشویش ہے۔ سارا کام رکا ہوا ہے جو سراسر غلط ہے۔ ایک تاریخ طے کریں اور 100فیصد کام مکمل کریں۔ انہوں نے شاہدرہ چوک کی اطراف کی سڑکوں اور پارک سمیت میٹرو بس سروس کے ٹریک کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ 5 جنوری تک شاہدرہ چوک کی اطراف کی سڑکیں اور دیگر کام مکمل ہونے چاہئیں اور شاہدرہ چوک پر کام کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ اور بروقت اقدامات سے خدمت مرکز پر ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کا رش نہ ہونے کے برابر تھا اور شہری بغیر انتظار کیے لائسنس بنوا رہے تھے۔ ایک خاتون نے وزیراعلی محسن نقوی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ صرف 30 منٹ میں ٹیسٹ کے تمام مراحل مکمل ہوئے، شکریہ چیف منسٹر۔ انتظامات بھی بہترین ہیں اور عملے کا رویہ بھی بہت اچھا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے خدمت مرکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور لائسنس بنوانے کے عمل کے بارے میں استفسار کیا۔ شہریوں نے خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس اور ٹیسٹ کے لئے اچھے انتظامات کو سراہا۔ شہریوں نے وزیر اعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس بنوانے کے لئے اب کئی کئی گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑتا اور تمام عمل 10 سے 20 منٹ میں مکمل ہو رہا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ٹیسٹ کے لئے بنائے کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا اور ٹیسٹ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے میثاق سنٹر کا بھی وزٹ کیا اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے لائسنس بنوانے کا عمل آسان بنا دیا ہے۔ انسپکٹرجنرل پولیس نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اب تک 40 لاکھ سے زائد لوگ ایپ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے اسلام پورہ تھانے کا بھی دورہ کیا۔ تھانے کی عمارت پرانی، کمرے تنگ، انتہائی چھوٹے کمرے میں بنایا گیا فرنٹ ڈیسک اور تھانے کی خراب حالت زار تھی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے 31 دسمبر سے قبل اسلام پورہ تھانے کو نئی عمارت میں شفٹ کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے حوالات میں بند ملزموں سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پراگرس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ایف آئی آر کا بروقت اندراج کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے زیر تعمیر نئے راوی پل کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آنے کا نہیں، واپس جانے کا ارادہ ہے۔ حرام کھانے پر لعنت بھیجتا ہوں اور جو کھاتے ہیں ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں، جو کھا چکے ہیں ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں۔ سی ایم آفس کا خرچہ خود اٹھا رہا ہوں، بجلی کا بل ایک تہائی کم ہوچکا ہے۔ میں اور میرے وزراء اور مشیر تنخواہیں نہیں لیتے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس بن چکے ہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ گاڑی یا موٹر سائیکل چلائیں لیکن لائسنس نہ ہو۔ ون وے کی خلاف ورزری پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ 31 سمبر تک لائسنس بنانے پر پرانی فیس لاگو رہے گی، یکم جنوری سے نئی فیس عائد ہوگی۔ اگر 31دسمبر تک لائسنس بنوالیا جائے تو بچت ہوگی۔ شاہدرہ اور امامیہ کالونی کو ماڈل ٹاؤن اور گلبرگ کی طرح پی ایچ اے خوبصورت بنائے گا۔ ہر برج کی پائلنگ میں مشکلات آتی ہیں لیکن راوی برج کی پائلنگ میں زیادہ مشکلات ہیں۔ راوی برج 52 پائلنگ میں سے 4پائلنگ مکمل ہوچکی ہیں۔ کم از کم اجرت کی ادائیگی پر عملدرآمد کرانے کے لئے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا تمام مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارک دیتا ہوں۔ ہم مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں کی سکیورٹی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ قائد اعظم کے نظریہ کے مطابق مسیحی برادری کی ہر خوشی میں ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کرسمس ڈے پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا حکم دیا اور کہا مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ایبٹ آباد میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فیملی سے تعزیت کا اظہار کیا۔ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے لئے وزراء افسروں کو ذمہ داریاں سونپ دیں۔ چڑیا گھر کا دورہ کیا۔ اپ گریڈیشن ورک 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی ۔ محسن نقوی نے سینئر صحافی نعمان شیخ کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزراء اور افسروں کو ڈیلی رپورٹ وٹس ایپ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کو بھی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ کسی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کے لئے شب و روز محنت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزراء عامر میر، بلال افضل، منصور قادر، ابراہیم حسن مراد، صوبائی مشیر وہاب ریاض، آئی جی ایڈیشنل، آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔محسن نقوی مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کیلئے کتھیڈرل چرچ پہنچ گئے، دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔بشپ آف لاہور بشپ ندیم کامران نے وزیر اعلی محسن نقوی کو پھول پیش کئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسیحی برداری کے ساتھ ملکر کرسمس کا کیک کاٹا‘وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بشپ آف لاہوربشپ ندیم کامران نے انجیل اورحضرت داؤد علیہ السلام کے ہاتھ سے لکھی زبور کا نمونہ پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا پاکستانی جھنڈے میں سبز رنگ مسلمانوں کے جبکہ سفید رنگ اقلیتوں برادریوں کیلئے ہے۔ جڑانوالہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جڑانوالہ واقعہ کے نتیجہ میں متاثرہ گرجا گھروں اورگھروں کو بحال کیا ہے، متاثرین کی دادرسی کی ہے اور ہمارے جذبات متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ہرممکن کوشش ہے کہ جڑانوالہ واقعہ یا ایسے کسی بھی واقعہ کے مرتکب افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ بشپ ندیم کامران اور مولانا عبدالخبیرآزاد ملک کے اتحاد کیلئے بہت کام کر رہے ہیں۔ اقلیتوں کا تحفظ کرنا ہمارا دینی اور آئینی فرض ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر، بلال افضل، مشیر وہاب ریاض، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر اور مسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔