• news

بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملتا نظر آ رہا، اب نوازشریف کا نعرہ ہوگا ’’مجھے کیوں بلایا‘‘ بلاول

لاڑکانہ‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن میں نواز شریف کا نعرہ ہوگا ’’مجھے کیوں بلایا‘‘۔ لاہور اور قمبر شہداد کوٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، آج پاکستان کے حالات بہت برے ہیں، قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کا منشور دیا، ہمارا خواب ہے پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنوائیں، ہم اس لئے الیکشن لڑرہے ہیں کہ صحت کا نظام بہتر بنائیں۔ ہم سمجھتے ہیں صحت کا نظام ہر پاکستانی کیلئے مفت ہونا چاہئے، اس وقت پاکستان کی آبادی میں 70 فیصد نوجوان ہیں، ہمارا مقابلہ بے روزگاری، غربت اور معاشی بحران سے ہے، ہم نے عوام کو بیروزگاری سے بچانا ہے، ہم قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملتا نظر آ رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سائفر پر پوری تفتیش ہونی چاہئے، سائفر کی وجہ سے نیشنل سکیورٹی کو خطرہ ہوا ہے، سائفر والے معاملے کو عدالت سنجیدگی سے لے، جو سائفر بانی پی ٹی آئی کو گیا وہ سامنے نہیں آیا، ہم سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں کا احترام کرتے ہیں، ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، ہماری کسی جماعت سے بات چیت نہیں چل رہی۔ پیپلز پارٹی انتخابات میں اکیلی حصہ لے رہی ہے، میں غلطیوں سے سیکھ چکا ہوں، اب تک کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا، ماضی سے بہت کچھ سیکھ چکے ہیں، ہم اپنا الیکشن لڑیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے۔ میاں صاحب کا پرانا نعرہ تھا مجھے کیوں نکالا، بانی پی ٹی آئی کی فیور کرنے کیلئے بلے کا نشان بنایا گیا، میرے خیال سے اس الیکشن میں بلا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، نگران وزیرخارجہ نے غزہ کی صورتحال پر محنت کی ہے، یونائیٹڈ نیشن میں فلسطین کا کیس پاکستان ہی لڑ رہا ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کا کیس نئی آنے والی منتخب حکومت ہی لڑ سکتی ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے 147ویں یوم پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقعے پر آئیے انصاف، مساوات اور ان اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا عہد کریں، جو پاکستان کی اساس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایک جمہوریت پسند مدبر لیڈر تھے، جن کی غیر متزلزل لگن نے ہمارے پیارے وطن پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی۔ ہمارے قائد کا ناقابل تسخیر عزم اور بے مثال قیادت نسلوں کے لیے مشعل رہیں گے اور ہمیں اس سوچ و نظریے کی یاد دلاتے رہیں گے جن پر ہماری عظیم قوم کھڑی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ یہ تہوار خواہ آنے والا نیا سال مسرتوں، خوشحالی و ہم آہنگی کا باعث بنے۔ زندگی کے تمام شعبوں، بالخصوص تعلیم اور صحت میں پاکستانی مسیحیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کی بھرپور شرکت پر قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن