• news

 کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کے لیے ٹربیونلز قائم 

اسلام آباد(وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ)الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کے لیے ٹربیونلز قائم کردیے۔الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے مختلف بینچز کے پانچ ججز بطور ٹربیونل جج اعتراضات سنیں گے۔لاہور ہائی کورٹ کے مختلف بینچز کے نو ججز بطور ٹربیونل جج کاغذات نامزدگی پر سماعت کریں گے۔اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے دو، دو ججز بطور ٹربیونل جج اعتراضات سنیں گے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے مختلف بینچز کے چھ ججز کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سنیں گے۔اس طرح مختلف ہائیکورٹس کے کْل 24 ججز الیکشن ٹربیونلز کے ججز کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔الیکشن ٹربیونلز 3 تا 10 جنوری اعتراضات سنیں گے اور اپنے فیصلے سنائیں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  عام انتخابات کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا، الیکشن کمشن نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے 9 ججز پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹریبونلز تشکیل دے دیئے۔ جسٹس فیصل زمان خان پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں ‘پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز سے قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس رسال حسن سید لاہور ڈویژنز اور ضلع اوکاڑہ کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔ جسٹس راحیل کامران شیخ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویڑنز کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس سلطان تنویر احمد بہاولپور ڈویژنز اور ضلع لودھراں کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر ضلع پاکپتن، ساہیوال اور ضلع لودھراں کے علاوہ ملتان ڈویژنز کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس علی ضیا  باجوہ ضلع بھکر اور ڈی جی خان ڈویژنز کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔ جسٹس جواد حسن ضلع اٹک، مری اور راولپنڈی کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس چودھری عبدالعزیز ضلع چکوال، تلہ گنگ، جہلم، میانوالی اور تحصیل سرائے عالمگیر کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن