• news

ہمارا دین اسلام امن و سلامتی‘ بھائی چارے کا سبق دیتا ہے‘ گورنر پنجاب 

لاہور(نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بیگم گورنر پنجاب، سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین ،آرچ بشپ لاہور سبسٹین فرانسس شا، ایڈوکیٹ راجہ نتھانیل گل اور گورنر ہائوس کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل ،سربراہ یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن شاہد رحمت ، جنرل مینجر ٹی ڈی سی پی واجد ارجمند ضیا، ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی اشفاق ڈوگر،وکلا برادری اورکثیر تعداد افراد میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اس موقع پر موجود تھے۔گورنر پنجاب نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں آپس میں زیادہ سے زیادہ پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام بھی امن و سلامتی اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔ دنیا میں انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیئے اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب اور بیگم گورنر نے مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔دریں اثنا،گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنما تھے۔ انہوں نے ہمیشہ تعمیری سیاست کی۔انہوں نے قیام پاکستان کے لیے دلیل کے ساتھ رائے عامہ ہموار کی۔ وہ ایک سچے اور جرات مند انسان تھے۔

ای پیپر-دی نیشن