• news

رشوت نہ سفارش کی ضرورت‘ حج کرپشن فری ہو گا: طاہر اشرفی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علماء  کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حجاج پاکستان کیلئے بہتری ہمارے لئے اعزاز کی بات ہوگی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کا نام آنے پر ہماری آنکھیں اور سر جھک جاتا ہے۔ جنہوں نے حجاج کرام کو تنگ کیا رسوائی ان کا مقدر بنی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے قانون سے کوئی بالاتر نہیں، سب کو سعودی قوانین پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حج کرپشن سے پاک حج ہو گا۔ کسی کو رشوت نہیں دینا پڑے گی نہ سفارش کرانا پڑے گی۔ ہم وزارت مذہبی امور میں نہیں چاہتے کہ کوئی تنگ ہو، چند لوگوں کی وجہ سے بدنامی ہوتی ہے ایسے دروازے کو بند کرنا چاہئے جس کی وجہ سے بدنامی ہوتی ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ڈالر نیچے آنے کی وجہ سے حکومت نے حج 1لاکھ روپے سستا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرب دوستوں کا مطالبہ تھا پاکستان میں بزنس مین کیلئے ون ونڈو آپریشن ہو، آرمی چیف نے حکومت سے مل کر کونسل قائم کی۔ کونسل کے قیام سے حجاج کرام بھی فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ نگران وزیراعظم، آرمی چیف اور پاکستان میں سعودی سفیر کا ممنون ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن