گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم، چیئرمین واپڈا کا دورہ، پیشرفت کا جائزہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے زیر تعمیر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم ’کے فور پراجیکٹ‘ کا دورہ کیا اورمنصوبے پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا۔ واپڈا اس وقت منصوبے کے پہلے مرحلے کو تعمیر کر رہا ہے، جس کی تکمیل اکتوبر 2024ء میں شیڈول ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی بدولت کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی میسر آئے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی پی سی ون لاگت 126 ارب روپے ہے۔ منصوبے پر اب تک 40 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ اس وقت منصوبے کی تمام آٹھ سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان سائٹس میں ان ٹیک سٹرکچر، پمپنگ سٹیشنز، پریشرائیزڈ پائپ پر مشتمل پانی کی منتقلی کا نظام، واٹر ریزروائرز، فلٹریشن پلانٹس، پراجیکٹ کے دفاتر، کالونی اور رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔ بریفنگ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی، سندھ حکومت کی جانب سے منصوبے کیلئے درکار بجلی کا نظام اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے پانی تقسیم کرنے کے نظام میں توسیع سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔