کاغذات چھیننے کے واقعات اگر درست ہیں تو غلط ہو رہا ہے: جاوید لطیف
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ سازش کے تحت مسلم لیگ ن کیخلاف مہم چلائی جارہی ہے اور ایک پارٹی کے امیدواروں کو مظلوم بنایا جا رہا ہے۔ کاٖغذات چھیننے کے واقعات اگر درست ہیں تو غلط ہو رہا ہے۔ اداروں کو چاہئے کہ وہ چیک کریں یہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے ڈرامے بازی تو نہیں کی جارہی۔ اداروں میں بیٹھے بعض لوگوں کی طرف سے ایک ملزم کو معصوم کہنے کی آوازیں آئیں۔ جبکہ ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کو سزا دیتے وقت نہ تو معصوم کہا گیا اور نہ ہی کسی نے آج تک معذرت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن سٹی کے جنرل سیکرٹری میاں رفاقت علی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی نواز شریف کی مقبولیت بڑھتی ہے تمام سیاسی فورسز کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔ اب بھی جوں جوں نواز شریف الیکشن کیلئے باہر نکل رہا ہے تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو سزا ئیں اور ملک کو برباد کرنے والوں کو معصوم کہا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے اداروں میں بیٹھے لوگ جب ایک فریق کو سسلین مافیا اور دوسرے فریق کو معصوم کہے تو پھر عدل کے اداروں پر عوام کا اعتماد اٹھ سکتا ہے۔