• news

300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی، غیر ضروری 17 وزارتیں ختم کریں گے: بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بختاور کیڈٹ کالج برائے خواتین نواب شاہ کی سالانہ تقریب سے بطور مہمانِ خاص خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو گرین اور سولر انرجی میں سرمایاکاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد قائم ہونے والی پی پی پی حکومت پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ضلعی سطح پر انرجی پارکس قائم کرے گی اور ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے غریب خاندانوں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں اتنے وسائل ہیں کہ قوم کو درپیش مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ اسلام آباد کے بابو کہتے ہیں کہ ملک میں اتنے پیسے نہیں ہیں، لیکن بتاتا ہوں کہ ہم کہاں سے پیسہ بچا کر عوام پر خرچ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی آنے والی حکومت وفاق میں ان 17 وزارتوں کو ختم کردے گی، جن کی اٹھارویں ترمیم کے بعد آئینی ضرورت نہیں ہے۔ سالانہ 300 ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے اوررقم کو عوام کی ترقی و بہبود پر صرف کیا جاسکتا ہے۔ اگر روایتی تقسیم اور نفرت کی سیاست کو چھوڑ کر مل جل کر محنت کی جائے تو ملک کی تقدیر کو بدلا جاسکتا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک کا مستقبل پاکستان کے نوجوان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تقسیم، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو دفن کردیا جائے تو پاکستان کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے، 'روٹی، کپڑا اور مکان'، کی جتنی ضرورت آج ہے، اتنی پہلے شاید نہ ہو۔ ہم اپنے ہاریوں کے لیے کسان کارڈ، محنت کشوں کے لیے مزدور کارڈ اور نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ متعارف کرائیں گے۔ اربوں روپوں کی سبسڈی کو ملز مالکان کو دینے کے بجائے بلاواسطہ پسماندہ محنت کش طبقات تک پہنچائیں گے۔ ہر ضلع میں یوتھ سینٹرز قائم کیے جائیں گے میں ڈجیٹل لائبریری، مفت وائی فائی سہولیت، ووکیشنل ٹریننگ اور کیریئر کاوَنسلنگ کے ساتھ ساتھ ثقافتی و کھیل کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ ہم پاکستانی نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے لیے حکومتی سطح پر اقدام کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو صحت کے سیکٹر میں انقلاب سندھ میں آیا ہے، اس کو ہم پورے پاکستان میں پھیلانا چاہتے ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن