نیب نے نوازشریف ،مریم سمیت تمام لیگی امیدواروں کو کلیئر کر دیا
اسلام آ باد (نمائندہ نوائے وقت) قومی احتساب بیورو کے ’’ الیکشن سیل ‘‘نے تمام لیگی امیدواروں کو کلیئر کر دیا۔ الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی نیب سکروٹنی میں نوازشریف ،مریم نوازسمیت ن لیگ کے تمام امیدوار کلیئر قرار دے دئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب نیب ہیڈکوارٹر میں الیکشن کمیشن کی معاونت کیلئے خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے،نیب ہیڈ کوارٹر میں قائم سیل کی تمام بیورو معاونت کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا بتانا ہے آن لائن سہولت مرکز 24/7 کام کر رہا ہے، امیدواران کے کوائف ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمشن سے موصول دیگر امیدواروں کی فہرست کا جائزہ لیا جاتا ہے،پلی بارگین کرنے والے اور سزا یافتہ امیدوار الیکشن کے اہل نہیں ہوتے،جبکہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کی سکروٹنی بھی جاری ہے۔