• news

قائداعظم کا یوم پیدائش جوش و خروش سے منایا گیا

کراچی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یومِ پیدائش ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا، قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی (کاکول) کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ قبل ازیں ایوان صدر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر علوی نے بچوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم میں اعلیٰ معیار کے حصول اور قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپنا کر ملک کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ خاتون اول ثمینہ علوی، وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور معذور افراد سمیت سکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر علوی نے کہا کہ بانی پاکستان کے سنہرے اقدار پر کاربند رہنے سے ہی ملک ترقی کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن