شجاعت، شاہد خاقان، اسد عمر سمیت کئی رہنما انتخابی دوڑ سے باہر، بلاول نے کراچی کی سیٹ چھوڑ دی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ماضی کے کئی بڑے نام آئندہ برس 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔ کئی بڑے سیاستدان آنے والے سال انتخابی سیاست سے باہر ہوگئے۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق چیئرمین سینٹ نئیر بخاری نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ سابق وفاقی وزراء اسد عمر، علی نواز اعوان، علی زیدی، خسرو بختیار بھی انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ صداقت عباسی، عمران اسماعیل اور فرخ حبیب بھی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کا انتخابی میدان چھوڑ دیا۔ بلاول نے کراچی کی کسی نشست سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے بھی کسی نشست سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے 2018 میں لیاری سے انتخابی سیاست کا آغاز کیا تھا۔ کئی دہائیوں سے کراچی کے جیالوں کے علاقے لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست بھٹوز کے نام سے جانی جاتی ہے۔ 1988میں بے نظیر بھٹو لیاری سے الیکشن لڑ چکی ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری بھی 1993 میں لیاری سے الیکشن لڑ چکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو نے بھی لیاری کی نشست پر عام انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے لیے لاڑکانہ، لاہور اور قمبر شہداد کوٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے این اے 127، این اے 194 اور این اے 196 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔