حافظ آباد:آئندہ سال کی پہلی انسداد پولیو مہم 8جنوری سے شروع ہوگی
حافظ آباد(نمائندہ خصوصی +نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد سال 2024 کی پہلی پانچ روزہ انسدادپولیو مہم8 جنوری سے شروع ہو گئی جس میں پانچ سال تک کی عمر کے2 لاکھ32 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائینگے۔ بچوں کوحفاظتی قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے 998 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں اقدامات کے جائزہ کے لیے ڈپٹی کمشنر سند س ارشاد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اشفاق رسول، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر توقیر احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور دیگر تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ نئے سال کی پہلی انسدا دپولیو مہم میں ٹارگٹ کے مطابق تمام بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائے جائیں اور پانچ سال تک عمر کا کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے نہ رہ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی علمائے کرام، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے دیگر سرکردہ افراد بچوں کو معذوری سے بچانے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔