سیاسی جماعتیں صرف اقتدار کی سیڑھی کی طرف لپک رہی ہیں، مصطفیٰ نواز کھوکھر
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) حلقہ این اے 47 اور48 سے امید وارقومی اسمبلی مصطفیٰ نواز کھوکھرنے کہاہے کہ اقتدار کے حالات بہت قریب سے دیکھے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی حالت دیکھ کر دل پریشان ہوتا ہے اقتدار کے ایوان کا نظام عوام کی خدمت کیلئے بنایا جاتا ہے لیکن پاکستان کے ایوان کا نظام اتنا خراب ہو چکا ہے کہ اس میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کو عوام کی کوئی فکر نہیں سیاسی جماعتیں سیاسی سسٹم کی مضبوطی اور سیاسی سوچ کو پروان چڑھانے کی بجائے صرف اقتدار کی سیڑھی کی طرف لپک رہی ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار این اے 47 کے علاقے تلہاڑ محلہ کنکریاں میں راجہ غالب حسین اور راجہ مہربان کی رہائشگاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا کہ آپ جب حق اور سچ کی بات کرتے ہیں توآپ کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ میں تو اقتدار کا حصہ تھا اگر زبان بندی کرتا توآج بھی سینیٹر ہوتا ایوان میں موجود ہوتالیکن میں نے ضمیر کا سودا نہیں کیا ۔