فیصل آباد کی ن لیگی خواتین پارٹی ٹکٹوں کی لسٹ سے باہر
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنمائوں اور سابق ارکان اسمبلی کی انتخابی سیاست پر فل سٹاپ لگ گیا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی (ن) لیگی خواتین رہنمائوں کی بڑی تعداد نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ پارٹی ٹکٹ کیلئے سابق ارکان اسمبلی عائشہ رجب بلوچ، خالدہ منصور، نجمہ افضل، مدیحہ رانا سمیت درجن بھر خواتین سرگرم تھیں مگر گذشتہ روز جمع کروائی گئی (ن) لیگ کی ترجیحی لسٹ میں فیصل آباد سے کسی ایک خاتون کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ قیادت کے فیصلے کی وجہ سے (ن) لیگ کی ان خواتین رہنمائوں کی انتخابی سیاست پر فل سٹاپ لگ گیا ہے اور انہیں دوبارہ اسمبلی میں پہنچنے کیلئے مزید 5 سال انتظار کرنا پڑے گا۔