سلامتی کونسل کا فیصلہ شہری تکالیف کم کریگا، سیکرٹری خلیج تعاون کونسل
نیویارک(این این آئی)خلیج تعاون کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے گزشتہ جمعہ کو منظور ہونے والی قرارداد 2720 کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ قرارداد غزہ کی پٹی کے لوگوں کے مصائب کو کم کرنے اور مزید امداد متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوگی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کونسل کے بیان میں کہاگیاکہ کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ اس قرارداد میں غزہ میں انسانی امداد کی محفوظ اور وسیع ترسیل کی اجازت دینے اور دشمنی کے پائیدار خاتمے کے لیے حالات پیدا کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔سیکرٹری جنرل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قرارداد پر فوری عمل درآمد کرے اور اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں اور غزہ میں شہریوں اور شہری املاک بشمول کو نشانہ بنانا بند کرنے کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون کے تقاضوں پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی برادری اور سلامتی کونسل بھی فوری جنگ بندی نافذ کرکے اور غزہ کی آبادی کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔